اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں نے ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ایک ایسے مکان کا انکشاف کیا ہے جو بیرون ملک ٹیلیفونی رابطے کے ایک مرکز میں تبدیل ہوگیا تھا۔ ہندوستان کی ان خفیہ ایجنسیوں نے دعوی کیا ہے کہ اس مکان سے گذشتہ پندرہ دنوں کے دوران ڈھائی سو مرتبہ پاکستان رابطہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان کی ان ایجنسیوں نے اس رہائشی مکان سے پاکستان اور خلیج فارس کے مختلف ممالک رابطہ کئے جانے کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا اور مگر پولیس کاروائی سے قبل ہی اس مکان میں موجود افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہندوستان کے خفیہ اہلکاروں نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ اس مکان سے ستّر ایسے سیم کارڈ بھی برآمد کئے گئے ہیں جو فرضی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کئے گئے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر بارک اوباما کے دورۂ نئی دہلی کے موقع پر درپیش خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی میں غیر معمولی طور پر اضافہ کردیا گیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما، ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرنے کیلئے آئندہ ہفتے نئی دہلی کا دورہ کرنے والے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲