اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر اوباما نے داعش کے ہاتھوں امریکی مغوی عبدالرحمان کیسگ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسےخالص شیطانی کارروائی قرار دیا ہے۔ براک اوباما نے جی 20 اجلاس سے واپسی پر اپنے بیان میں کہا کہ بطور امدادی کارکن کیسگ کی خدمات قابلِ تعریف تھیں اور انھیں ہم سے دور کر دینا ایک دہشت گرد گروپ کی جانب سے مکمل شیطانی عمل ہے جسے دنیا غیرانسانی قرار دے گی۔ اوباما نے مقتول عبدالرحمان المعروف پیٹر کیسگ کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی ہے۔ ادھر مقتول کے والدین نے کہا ہے کہ ان کا بیٹا شامی عوام کے لیے اپنی محبت کی وجہ سے مارا گیا۔ عبدالرحمان کیسگ کے والدین ایڈ اور پاؤلا کیسگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے بیٹے کی موت سے ان کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔ اس سے قبل انٹرنیٹ پر جاری ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ داعش کے دہشت گردوں نے اپنے زیرِ قبضہ مغوی امریکی امدادی کارکن کیسگ کو قتل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں مبینہ طور پر شامی فوجیوں کے ایک گروپ کے سر قلم ہوتے بھی دکھائے گئے ہیں۔ عبدالرحمان کیسگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اُس کا نام اسلام لانے سے پہلے پیٹر کیسگ تھا اور انھیں شام میں گذشتہ سال اغوا کیا گيا تھا۔
.......
/169