اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کمپنی نے ٹویئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کو آزمائشی پرواز کے دوران شٹل کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جب کہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہوگیا ہے۔
'ورجن گیلیکٹک' نامی مسافر بردار شٹل ریاست کیلی فورنیا کے صحرائے موجاوی میں آزمائشی پرواز کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
موجاوی میں قائم 'ایئر اینڈ اسپیس پورٹ' کی انتظامیہ کے مطابق شٹل کو دو پائلٹ اڑا رہے تھے جن میں سے ایک حادثے سے قبل شٹل سے کودنے میں کامیاب رہا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شٹل کا کو پائلٹ تھا جب کہ چھلانگ لگانے والا پائلٹ بھی شدید زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شٹل نجی کمپنی 'ورجن گیلیکٹک' کا تیار کردہ تھا جس کی پائلٹس کے ساتھ یہ پہلی آزمائشی پرواز تھی۔
حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے۔
امریکہ میں رواں ہفتے کسی خلائی گاڑی کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل منگل کو 'ناسا' کی جانب سے سامان لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والا ایک راکٹ لانچنگ کے کچھ ہی دیر بعد دھماکے سے تباہ ہوگیا تھا۔
.......
/169