31 جولائی 2014 - 14:00
نیویارک میں صہیونی جرائم کے خلاف مظاہرہ/ وائٹ ہاوس کے سامنے غزہ کے بچوں کی یاد میں موم بتیاں روشن

نیویارک کے سیکڑوں عوام نے اس شہر کی ایک اہم شاہراہ میں جمع ہوکر غزہ میں صہیونی جارحیت اور فلسطین کے مظلوم عوام کے وحشیانہ قتل عام کے خلاف مظاہرہ کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  نیویارک سے موصولہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں صہیونی حکومت کے بڑھتے ہوئے جرائم کے ساتھ ہی امریکہ کے مختلف شہروں میں فلسطین کے عوام کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں۔ نیویارک کے یونٹی اسکوائر میں عوام نے جمع ہوکر غزہ میں صہیونی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی، مظاہرین نے فلسطینی شہداء کی تصاویر اٹھارکھیں تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں صہیونی حکومت کے جرائم اس قدر زیادہ ہیں کہ انسانیت شرمسار ہورہی ہے۔

دوسری جانب امریکہ میں انسانی حقوق کے کئی نجی اداروں نے جمعہ کے دن نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ وہ ان احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرکے غزہ پر صہیونی جارحیت کے خلاف نفرت و بیزاری کا اعلان کریں۔

ادھر واشنگٹن کے عوام نے گذشتہ شب وائٹ ہاوس کے سامنے غزہ کے بچوں کی یاد میں موم بتیاں جلا کر صہیونی جرائم کی شدید مذمت کی اور امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان جرائم کا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲