26 جولائی 2014 - 11:53
عراق کی کاروباری شخصیات کو شامی تیل ارزاں نرخوں پر فروخت

داعش کے جنگجو مقامی شامیوں کو بھی ارزاں نرخوں پر تیل فروخت کررہے ہیں

ابنا: داعش سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے اپنے زیر قبضہ شام سے تیل اور مائع گیس کی پیداوار کو سرحد پار عراق کی کاروباری شخصیات کو فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔

داعش کے جنگجوؤں نے شام کے مشرقی صوبے دیر الزور سمیت بڑے علاقے پر قبضہ کررکھا ہے۔ اس کے علاوہ عراق کے پانچ صوبوں سے سرکاری سکیورٹی فورسز کو نکال باہر کر نے کے بعد وہاں اپنی عمل داری قائم کرلی ہے۔
برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ چند روز سے عراق کی نمبر پلیٹوں والے ٹرک دیرالزور میں واقع تیل کے کنووں پر آرہے ہیں اور یہاں سے ان پر تیل لاد کر انھیں مغربی عراق کی جانب بھیجا جارہا ہے۔
آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ یہ ٹرک عراق کی کاروباری شخصیات کے ملکیتی ہیں اور وہ داعش کے کنٹرول میں کنووں سے تیل کی خریداری کے لیے آرہے ہیں۔آبزرویٹری کے ڈائر یکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ عراقی کاروباری شخصیات کو بیس سے چالیس ڈالرز فی بیرل کے حساب سے تیل فروخت کیا جارہا ہے۔
داعش کے جنگجو اپنے زیر نگیں علاقے میں رہنے والے شامیوں کو بھی ارزں نرخوں پر بارہ سے اٹھارہ ڈالر تک فی بیرل تیل فروخت کررہے ہیں. 

.......

/169