ابنا: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں عالم اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ شام پر طاقت کا استعمال کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ امریکا پہلے ہی اپنی جانبدارانہ جارحانہ غلط پالیسیوں کے سبب عراق، افغانستان، لیبیا و دیگر ممالک میں لاکھوں انسانوں کا خون بہا چکا ہے۔ اقوام متحدہ امریکی جارحیت کا نوٹس لے۔ امریکہ اور اقوام متحدہ کو کشمیر کے مظلوم عوام کا خون نظر نہیں آتا کہ یہاں کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت بھارت سے چھٹکارا دلائے یا پھر صرف مسلمان ممالک کو تباہ کرکے کمزور کرنا امریکا کا شیوہ بن گیا ہے۔ پاکستان سنی تحریک شام پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکا کی اسلام دشمن پالیسیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عالمی برادری امریکا کے جارحانہ عمل کو روکنے کیلئے آواز بلند کرے۔ امریکہ مسلم ممالک میں اپنا اثر و رسوخ مسلط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایک طرف مصر میں آمریت کو مضبوط کر رہا ہے تو دوسری جانب شام پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹرڈ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری امریکی جارحیت کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔ پاکستان نے پہلے ہی شام میں امریکی طاقت کے استعمال سے گریز کرنے کیلئے عندیہ دے دیا ہے۔ پاکستان سنی تحریک شام کے عوام کے ساتھ ہے اور ان پر جارحیت کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔
.......
/169