ابنا: کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز4 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کی سینئیر نائب صدر زہرہ شاہد حسین جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔ عمران خان اور قائد تحریک الطاف حسین نے قتل کی مذمت کی ہے۔ عمران خان نے کہا زہرہ شاہد حسین کے قتل کا ذمہ دار الطاف حسین کو ٹھہراتے ہیں۔

تحریک انصاف سندھ کی سینئیر نائب صدر زہرہ شاہد حسین کو گھر کے داخلی دروازے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے سر پر گولی لگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، جسے ملزموں نے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، موٹر سائیکل سوار ملزم گھر کے باہر گھات لگا کر بیٹھے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زہرہ حسین کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بھی زہرہ شاہد حسین کے قتل کی مذمت کی ہے۔ زہرہ شاہد حسین پاکستان کے سفیر شاہد حسین کی بیوہ تھیں،۔ زہرہ شاہد حسین جامعہ کراچی میں شبعہ بین الاقوامی تعلقات کی استاد بھی رہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز4 میں گھر کے باہر فائرنگ سے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما جاں بحق ہوگئیں، پولیس کے مطابق خاتون کا نام زہرہ شاہد حسین تھا، پولس نے مزید بتایا کہ وہ باہر سے گھر واپس لوٹیں تھیں کہ دروازے پر کھڑے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اُن پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں،

انہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں، انہیں دو گولیاں لگیں۔ پی ٹی آئی کے میڈیا کوآرڈی نیئر جمال صدیقی کے مطابق زاہراء شاہد حسین تحریک انصاف سندھ کی سینئر نائب صدر تھیں.
.....
/169