25 اگست 2012 - 19:30

شام کے وزیر خارجہ ولید معلم نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا مقابلہ اپوزیشن سے مذاکرات کا پیش خیمہ ہے۔

ابنا: شام کے وزیر خارجہ ولید معلم نے آج دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی سے ملاقات میں کہا کہ  شہروں سے دہشتگردوں کو نکالنے کے بعد ہی اپوزیشن گروہوں سے گفتگو شروع کی جائے گي۔ انہوں نے کہا کہ گفتـگو کے لئے حکومت کی یہ شرط ہے کہ تشدد ختم کیا جائے اور بیرونی مداخلت کی مخالفت کی جائے۔ اس ملاقات میں علاءالدین بروجردی نے شام کی سیکورٹی کو ایران سیکورٹی قراردیا اور کہا کہ ایران شام کے بحران کے حل کے لئے شام کی حکومت و ملت کے ساتھ ہے۔ علاءالدین بروجردی آج دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کریں گے۔ ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے کہ ایران  شام کے بحران کو حل کرنے کی غرض سے چار فریقی کمیٹی بنانے پر مبنی مصر کے صدر مرسی کی تجویز کا خیرمقدم کرتا ہے۔ عبداللھیاں نے بیروت میں لبنانی حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں کوبتایا کہ ایران، شام کے بحران کے بارے میں اپنے خاص نظریات رکھتا ہے اور چار فریقی کمیٹی کی تشکیل کے موقع پر ان نظریات کو پیش کرےگا۔ یاد رہے مصر کے صدر محمد مرسی نے مکہ مکرمہ میں اسلامی ملکوں کے سربراہی اجلاس میں چار فریقی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی ہے اس کمیٹی میں ایران، مصر ، سعودی عرب اور ترکی شامل ہیں۔

.......

/169