4 اگست 2012 - 19:30

امام بارگاہ و مسجد مردان میں خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ امام بارگاہ و مسجد وقف ہے اور اسے کسی اور صورت میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ حکومت مردان امام بارگاہ کے معاملہ کا فوری نوٹس لے، یہ پوری ملت کا مسئلہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ و مسجد مردان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے مردان کے اہل تشیع کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ یہ امام بارگاہ و مسجد وقف ہے اور اسے کسی اور صورت میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اور اگر اس قسم کا کوئی قدم اٹھایا گیا تو یہ مسئلہ فقط مردان تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پوری ملت تشیع کا مسئلہ بن جائے گا، لہذا حکومت فوری طور پر اس مسئلہ کو نوٹس لے۔ علامہ رمضان توقیر نے اس سلسلے میں مردان کی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا، واضح رہے کہ قبضہ گروپ نے کچھ عرصہ اس امام بارگاہ و مسجد کی جگہ مارکیٹ بنانے کیلئے اسے مسمار کرنے کی کوشش کی، جس پر اہل تشیع نے قبضہ گروپ کی اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا۔

.......

/169