ابنا: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے، جس نے سوچ پیدا کر دی ہے کہ جینا چاہتے ہو تو خود میں قوت اور وحدت پیدا کرو۔ علی پور گھلواں میں شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام اسلامی بیداری اور منتظرین امام زمانہ (عج) کی ذمہ داریاں کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ سے ملت جعفریہ میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ مگر ہم سیدالشہداء امام حسین (ع) کے پیروکار ہوتے ہوئے اس سازش کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ قومی دھارے میں موجود ہے۔ جبکہ فتوٰی باز تکفیری گروپ گندگی کے ڈھیر پر کھڑا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ تکفیری گروپ اب گندگی کا ایسا عادی ہوچکا ہے کہ اسے دودھ میں رکھا جائے تو یہ مر جاتا ہے، اس لیے گندگی اور تنہائی ہی اس کا مقدر ہے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ کا ووٹ بینک ملکی سالمیت اور سیاست مین اہم مقام رکھتا ہے، وہ بہت جلد انتخابات کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔ ووٹ ان کے حکم پر دیا جاتا ہے اور آئندہ بھی ان کے حکم پر ہی دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر میں اخوان المسلمین کی کامیابی اور مسلم ممالک میں جاری عوامی بیداری انقلاب اسلامی ایران کے تسلسل کا نتیجہ ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں عدل علی علیہ السلام کا قیام ان کی جماعت کے منشور کا اہم حصہ ہے۔سیمینار سے شیعہ علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر سردار کاظم علی حیدری نے خطاب کرتے ہوئے وحدت ملت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ کے ہاتھ مضبوط کرنے سے ہی قوم مضبوط ہوگی۔ سیمینار سے مولانا انوار حسین نوری، مولانا قلب عباس نقوی، مولانا منور عباس نقوی، آغا حسن کاظمی، مولانا نجم الحسن خان، سید دیدار علی زیدی، ملک محمد عامر اور شاعر اہل بیت فاتح واسطی نے بھی خطاب کیا۔.......
/169