22 مئی 2012 - 19:30

اپنے مذمتی بیان میں علامہ سید ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کر دیا گیا ہے آئے روز درجنوں پاکستانیوں کو بےدردی سے قتل کر دیا جاتا ہے مگر حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

ابنا: علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ دہشتگرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پر ہاتھ ڈالنے سے کترا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں  17افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا دنیا میں کسی بھی مہذب معاشرے میں اگر ایک شخص بھی قتل ہو جائے اور دہشتگردی کا شکار ہو جائے تو کہرام مچ جاتا ہے اور چھوٹے چھوٹے واقعات پر اعلیٰ عہدیدار ناکامی کے بعد مستعفی ہو جاتے ہیں مگر پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کر دیا گیا ہے آئے روز درجنوں پاکستانیوں کو بےدردی سے قتل کر دیا جاتا ہے مگر حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

انہوں نے کہا کہ بےحسی کا یہ عالم ہے کہ دہشتگردی کے ان واقعات سے مقدر حلقوں کی جانب سے دو لفظ تک نہیں کہے جاتے جو کہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کراچی ریلی پر فائرنگ کے واقعات پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں اور شرپسندوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے سخت اقدام اُٹھائیں۔

.......

/169