12 جنوری 2012 - 20:30

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ایک اہلکار نے بحرین میں انسانی حقوق کی روز افزوں پامالی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس ملک میں عدل کے قیام اور انسانی حقوق پامال کرنے والے حکام پر مقدمہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں عرب ڈیسک کے سربراہ "فَرَج فِنيش" نے حال ہی میں انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے بحرین کا دورہ کرنے کے بعد تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین میں عوام اور حکومت کے درمیان وسیع خلیج حائل ہوچکی ہے۔ فنیش نے کہا: میں نے بحرین میں معاشرتی خلیج مشاہدہ کیا اور میں نے دیکھا کہ عوامی تنظیمیں، انسانی حقوق کے شعبے میں فعال کارکن اور عوام ملک کی افسوسناک صورت حال، سرکاری تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔انھوں نے بحرین میں تمام فریقوں کا اعتماد بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اپنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جزئی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کی کوششیں ترک کردے جبکہ وہ عوامی مطالبات کو تسلیم کرنے کے لئے تیار ہی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا: آل خلیفہ ایسے حال میں اپنی کمیشن کی ناچیز اور ناکافی تجاویز پر عملدرآمد کی تیاری کررہی ہے جبکہ بحرینی عوام حکومت کے کسی بھی اقدام پر مزید اعتماد کرنے کے لئے تیار نہيں ہیں۔ انھوں نے حکام کی بازخواست پر زور دیتے ہوئے کہا: بحرینی عوام نے مارچ 2011 میں اپنی تحریک کا آغاز کیا لیکن اس ملک کی صورت حال مارچ 2011 سے بہتر نہیں ہوئی ہے بلکہ حالات وہی پرانے ہیں سینکڑوں افراد پابند سلاسل ہیں اور ہزاروں کام کاج سے محروم کردیئے گئے ہیں اور غیر سرکاری تنظیموں کو آزادی کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور کسی عوامی مطالبے پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا: بحرین میں آج بھی ہر روز درجنوں افراد گرفتار کئے جاتے ہیں اور ہر روز متعدد ریلیاں منعقد ہوتی ہیں لیکن آل خلیفہ کی طرف سے پر امن مظاہروں کو دبانے کے لئے طاقت کا انتہاپسندانہ استعمال ہوتا ہے اور تشدد میں انتہاپسندی کا سہارا لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے درجنوں افراد مارے جاتے ہیں باقی گرفتار کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا: اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن بحرین میں اپنا نمائندہ دفتر کھولنے کے لئے پوری طرح تیار ہے بشرطیکہ اس ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال کی نگرانی اور اس حوالے سے تیار ہونے والی رپورٹیں اقوام متحدہ کو ارسال کرنے کے امکانات فراہم ہوجائیں۔

........

/169

تفصیل کے لئے روجوع کیجئے:

انقلاب بحرین کا 334واں دن/ پابندسلاسل قائدین کی حمایت میں مظاہرے