18 اگست 2026 - 15:52
امریکہ: ٹیکساس کے گورنر کی اسلام مخالف پالیسی؛ ڈلاس ایئرپورٹ پر وضو خانے کا منصوبہ منسوخ

امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کی جانب سے مسلمانوں کے لیے ایئرپورٹ پر وضو کی سہولت قائم کرنے کی مخالفت کے بعد ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے وضو خانے کی تعمیر کا منصوبہ منسوخ کردیا۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) نے اس اقدام کو مسلمانوں کے خلاف ایک سیاسی مہم اور اسلاموفوبیا کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) نے ٹیکساس کے ریپبلکن گورنر گریگ ایبٹ کو اس دھمکی پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں انہوں نے ان ایئرپورٹس کی ریاستی مالی معاونت روکنے کی بات کی تھی جہاں مسلمانوں کے لیے وضو کی سہولت قائم کی جائے۔

مڈل ایسٹ آئی کے مطابق، CAIR نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران مسلمانوں کے خلاف گریگ ایبٹ کے کئی متنازع اقدامات میں ایئرپورٹ پر وضو کی جگہ قائم کیے جانے پر اعتراض شاید ان کا سب سے مضحکہ خیز اور منافقانہ اقدام ہے۔

ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے گزشتہ جمعے کو بین الاقوامی ٹرمینل کے سکیورٹی چیک سے پہلے ایک وضو خانہ قائم کرنے کا منصوبہ منسوخ کردیا۔ اس فیصلے سے قبل ٹیکساس کے سخت گیر ریپبلکن گورنر نے ایسے کسی بھی منصوبے میں شامل ایئرپورٹس کی ریاستی مالی امداد روکنے کی دھمکی دی تھی۔

گریگ ایبٹ نے اس منصوبے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانش کو الگ الگ خطوط بھی ارسال کیے۔ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ سے ڈلاس اور ہیوسٹن کے ایئرپورٹس پر مسلمانوں کے لیے موجود تمام سہولیات کا جائزہ لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل میں سکیورٹی گیٹس کے دوسری جانب پہلے ہی کم از کم ایک وضو کی جگہ موجود ہے، اس لیے نیا منصوبہ کوئی نئی سہولت متعارف کرانے کا پہلا اقدام نہیں تھا۔ تاہم دوسرے وضو خانے کے منصوبے کے اعلان کے بعد دائیں بازو کے ذرائع ابلاغ اور قدامت پسند گروہوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔

CAIR نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیکساس کے گورنر کو مسلمانوں کے خلاف سیاسی مہم چلانے پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کرنے کے بجائے ریاست کے حقیقی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، جن میں ڈیٹا سینٹرز، اسکولوں میں فائرنگ، معاشی عدم مساوات اور مذہبی آزادی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔

CAIR کے مطابق گریگ ایبٹ طویل عرصے سے اس تنظیم کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ اسے ختم کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ ایبٹ نے گزشتہ سال CAIR کو ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، جس کے خلاف تنظیم نے عدالت سے رجوع کیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں وضو کی سہولتوں کے خلاف ایبٹ کا مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں بعض سیاست دانوں، بالخصوص ٹرمپ کے اتحادیوں کی جانب سے اسلام مخالف بیانات میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن میں ڈیموکریٹک سینیٹ کی امیدواروں کی ابتدائی انتخابی دوڑ جیتنے والے مسلمان ڈاکٹر عبدالسید کی ان کے اہل خانہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں منتخب نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ان کی اہلیہ حجاب پہنتی ہیں۔

رپورٹ میں مئی میں سان ڈیاگو کی ایک مسجد میں پیش آنے والے واقعے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں نفرت پر مبنی جرم کے دوران دو مسلح افراد نے تین افراد کو نشانہ بنایا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha