26 فروری 2016 - 12:59
کراچی کی روشنیاں واپس آتے تک آپریشن جاری رہے گا: نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گرین لائن بس منصوبہ ازحد ضروری تھا، کراچی سے لاہور موٹروے بھی بن رہی ہے اور لیاری ایکسپریس وے پر بھی مارچ میں کام شروع ہو جائے گا۔ کراچی کی روشنیاں واپس آنے تک آپریشن جاری رہے گا اور اسے ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچائیں گے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گرین لائن بس منصوبہ ازحد ضروری تھا، کراچی سے لاہور موٹروے بھی بن رہی ہے اور لیاری ایکسپریس وے پر بھی مارچ میں کام شروع ہو جائے گا۔ کراچی کی روشنیاں واپس آنے تک آپریشن جاری رہے گا اور اسے ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ جرائم بہت حد تک کم ہو چکے، اب ایسا وقت آئے گا کہ ہم لاء اینڈ آرڈر کی نہیں بلکہ صرف اور صرف ترقی کی باتیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پچھلے سال اس منصوبے کا کراچی میں اعلان کیا تھا اور خوشی ہے کہ بہت جلد اس کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی کے ایک ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے ازحد ضروری تھا اور جس علاقے سے یہ بس گزرے گی یقینا وہاں کے لوگوں کو اس کا بہت فائدہ ہوگا اور ان کیلئے بڑی آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بارے میں آج تک یہی کہتے چلے آ رہے ہیں کہ یہاں قانون کی بالادستی ہونی چاہئے، جرائم کم ہونے چاہئیں، بھتہ خوری ختم ہونی چاہئے، جرائم اور قتل و غارت ختم ہونی چاہئے لیکن الحمد اللہ آج ان سب مسائل پر بہت حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور کئی مسائل تک بالکل ختم ہونے کے قریب ہیں اور جلد ہی وہ وقت بھی آئے گا جب ہم لاء اینڈ آرڈر کی نہیں بلکہ صرف اور صرف ترقی کی بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہی اجلاس میں یہ کہا کہ اب پوری طاقت کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کا وقت آ گیا ہے اور ہم اسی جانب بڑھ رہے ہیں، جب تک کراچی کا امن مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتا اور کراچی کی روشنیاں واپس نہیں آ جاتیں اس آپریشن کو بند نہیں کیا جائے گا۔ یہ ہماری نیت اور پختہ ارادہ ہے کہ اسے منطقی انجام تک لے کر جائیں گے۔ کراچی بہت خوبصوت شہر ہوا کرتا تھا اور اگر تسلسل برقرار رہتا تو کراچی ایشیاء کے اندر ایک بہترین اور خوبصورت شہر ہو سکتا تھا لیکن ہم اپنی سمت سے ہٹ گئے اور بربادی ہوتی چلی گئی لیکن آج پھر اسے سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کیلئے سب کا تعاون چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے گرین لائن بس منصوبے پر قائم علی شاہ کے تحفظات بھی دور کئے اور بتایا کہ یہ منصوبہ 18 کلومیٹر سے کم کر کے 11 کلومیٹر نہیں کیا گیا بلکہ اس کا 7 کلومیٹر کا ٹریک زمین پر ہوگا اور باقی زیر زمین ہوگا جو مل کر 22 کلومیٹر بنتا ہے اس کے علاوہ مجھے یہ بھی یقین ہے کہ یہ لاہور میٹروبس سے بھی زیادہ خوبصورت منصوبہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس وے کے منصوبے کیلئے 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے اور اس منصوبے پر مارچ میں کام شروع ہو جائے گا جسے جلد از جلد مکمل کریں گے۔ کراچی سے لاہور تک موٹر وے بھی بنائی جا رہی ہے اور پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستان میں موٹر وے مکمل ہو جائے گی۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں ترقیاتی کام کر رہی ہے اور ابھی تک کراچی میں بجلی کے پلانٹ لگنے ہیں، اسی طرح بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بھی انفراسٹرکچر پر توجہ دی جا رہی ہے، تھر سے کوئلہ نکالنے کا کام شروع ہو رہا ہے اور بھی بہت سے منصوبے ہیں جو شروع کر دیئے گئے ہیں اور کچھ شروع کرنے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲