25 اکتوبر 2015 - 15:14
ڈی آئی خان، محرم الحرام کا پہلا عشرہ پرامن طور پر اختتام پذیر، عشرہ زینبیہ (س) کا آغاز

دس محرم الحرام تعزیہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حضرت امام حسین (ع) عرف تھلہ بموں شاہ سے برآمد ہوا، جبکہ صبح صادق بستی استرانہ سے دوسرا جلوس برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ امام بارگاہ غازی عباس (ع) تھلہ شاہین، امام بارگاہ لعل شاہ، امام بارگاہ و جامع مسجد یاعلی (ع) سے تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ جوکہ پرامن طور پر کوٹلی امام حسین (ع) میں اختتام پذیر ہوئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کا پہلا عشرہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ شہر میں محرم کا پہلا عشرہ سخت سکیورٹی میں پرامن رہا، اس عشرے میں مجموعی طور پر ڈیڑھ سو سے زائد روایتی جلوس عزا برآمد ہوئے، جبکہ سات سو سے زائد مجالس عزا منعقد ہوئیں۔ ڈیرہ انتظامیہ کی جانب سے تین مقامات پر جلوس و مجالس عزا کو بند کرنے کی باقاعدہ کوشش کی گئی۔ ڈی آئی خان کے علاقے لنڈہ پاڑا میں ایس ایچ او نے مجلس عزا بند کراکے متولی امامبارگاہ کو حراست میں لیا، جبکہ دیگر متولیان کی جانب سے احتجاجاً جلوس عزا روکنے اور مجالس عزا کو دھرنے میں بدلنے کے اعلان کے بعد امام بارگاہ لنڈہ پاڑا میں مجالس و جلوس عزا بحال کیا گیا۔ اسی طرح کچی پائند خان سے برآمد ہونے والا روایتی جلوس ڈی پی او کے حکم پر روکا گیا، اور نو عزاداران امام حسین (ع) کو گرفتار کیا گیا۔ جلوس روکنے کے خلاف کوٹلی امام حسین (ع) کے سامنے دھرنے کے اعلان اور نویں محرم کے مرکزی جلوس کے اختتام پر ڈی پی او ڈیرہ مردہ باد کے نعروں کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بے گناہ عزاداروں کو رہا کرکے جلوس کے راستے میں لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں۔

اسی طرح سات محرم الحرام کے دن امام بارگاہ حضرت امام حسن (ع) سے برآمد ہونے والے تعزیے کے جلوس کو ڈی پی او ڈیرہ نے روکنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں اس شرط پر تعزیہ برآمد کرنے کی اجازت دی گئی کہ اس جلوس میں فقط ساٹھ افراد شرکت کریں گے۔ ان جلوس عزا کے خلاف ڈیرہ انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ یہ تینوں جلوس ہمارے ریکارڈ میں نہیں ہیں۔ دس محرم الحرام تعزیہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حضرت امام حسین (ع) عرف تھلہ بموں شاہ سے برآمد ہوا، جبکہ صبح صادق بستی استرانہ سے دوسرا جلوس برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ امام بارگاہ غازی عباس (ع) تھلہ شاہین، امام بارگاہ لعل شاہ، امام بارگاہ و جامع مسجد یاعلی (ع) سے تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ جوکہ پرامن طور پر کوٹلی امام حسین (ع) میں اختتام پذیر ہوئے۔ شام غریباں کی روایتی مجالس و جلوس تمام امام بارگاہوں میں منعقد ہوئے۔ محرم الحرام کے پہلے عشرہ کے پرامن طور پر اختتام پذیر ہونے کے بعد متعدد امام بارگاہوں میں عشرہ زینبیہ کا آغاز ہوچکا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169