22 جنوری 2025 - 10:21
صدر پزشکیان کا دورہ ماسکو تاریخی اور تقدیر ساز تھا، ڈاکٹر صفروف + تصاویر

روس میں ایران کے معاصر مطالعات مرکز کے ڈائریکٹر نے حالیہ دو عشروں کے دوران دو ملکوں کے سربراہوں کے باہمی دوروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر پزشکیان کا دورہ مختلف، تاریخی اور تقدیر ساز تھا اور مشترکہ جامع تزویراتی معاہدے پر دستخطوں کے نتیجے میں اب یہ دو ملک تزویراتی شریک بن گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، روس میں ایران کے معاصر مطالعات مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رجب صفروف نے ماسکو میں ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

- میں ایران اور روس کے درمیان تعلقات کے میدان میں 30 سال سے سرگرم ہوں اور میں نے کئی سربراہوں کے ماسکو اور تہران کے دوروں کو قریب سے دیکھا ہے، اگر ہم اس تاریخ پر نظر دوڑائیں اور دو ملکوں کے بڑے اجلاسوں کو ماہرانہ نگاہ سے دیکھیں تو کہا جا سکتا ہے کہ پزشکیان کا دورہ ماسکو بالکل مختلف تھا۔

- دو طرفہ مذاکرات میں اقتصادی روابط کے ڈھانچوں کا تعین کیا گیا اور دو نئے راستے باہمی مسائل کے حل کے لئے کھل گئے اور اس سے قبل اچھے اقتصادی روابط کے قیام میں موجود رکاوٹیں ہٹ گئیں۔

- پزشکیان نے کہا کہ ان کی کابینہ راستوں کو کھول سکتی ہے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی راہ میں موجودہ رکاوٹوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور ہم ان کے اس بیان کو نیک شگون سمجھتے ہیں کہ ایرانی فریق کا عزم پختہ، خالصانہ اور قوی ہے اور وہ روس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

پزشکیان کے ساتھ نشست میں روس کے اقتصادی شعبوں کے فعال افراد کی تجاویز

- صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے ایک روزہ دورہ ماسکو کے موقع پر روس کے اقتصادی شعبوں کے فعال افراد سے بات چیت کی۔ اس نشست میں میں روس کی ممتاز کاروباری اور اقتصادی شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں سے ہر فرد ہماری معیشت میں "بڑی طاقت" سمجھا جاتا ہے اور ان کے پاس تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں کہنے کو بہت ساری باتیں ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تعاون کے لئے بڑی تجاویز پیش کیں جن میں سے ایک تجویز ایرانی معیشت میں سرمایہ کاری سے متعلق تھی۔

- اقتصادی اور کاروباری شخصیات کے ساتھ اجلاس بہت اہم تھا جس میں جناب پزشکیان کے کلیدی وزراء بھی شریک تھا، اور انہوں نے روسی فریق کا پیغام سن لیا۔ آخر میں طے پایا کہ یہ تجاویز تحریری صورت میں، ماسکو میں ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دی جائیں تاکہ ایران کے قانونی اداروں سے ہم آہنگ ہوکر ہر تجویز کے لئے الگ الگ منصوبہ بندی کی جائے اور ان پر عملدرآمد کو ممکن بنایا جائے۔ ہمیں اس اجلاس سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔

جامع معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح کو بہتر بنائے گا

- جامع مشترکہ تزویراتی معاہدے پر صدر پزشکیان اور صدر ولادیمیر پوتین کے دستخطوں کے بعد یہ معاہدہ دو طرفہ تعلقات کو نئی سطح تک بڑھا دے گا اور تہران اور ماسکو تزویراتی (Strategic) تعاون کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔

- بعض ممالک بین الاقوامی سطح پر اپنی پوزیشن اور مفادات کی خاطر ایران اور روس کے درمیان تعاون کے خواہاں نہیں ہیں، تاہم یہ جامع تزویراتی معاہدہ ان کے عزائم اور منصوبوں کو ناکام بنا دیتا ہے۔

- کچھ لوگوں کا خیال تھا شام اور لبنان میں حالیہ مسائل کے بعد، روس اور ایران کے درمیان تزویراتی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے؛ اتفاق سے میرا نظریہ ان سے مختلف ہے، اور وہ یہ ہے کہ روس اور ایران دو اہم ممالک، سنجیدہ شرکاء اور وسیع پیمانے پر اقتصادی وسائل سے مالامال ممالک کے باہمی تعلقات دو ملکوں کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیتے ہیں۔

- اگر ایران اور روس کی معیشت ایک دوسرے سے جُڑ جائے تو ہمارا نظام مکمل ہوجائے گا اور ہم ایک دوسرے کی ترقی اور تقویت میں کردار ادا کر سکیں گے۔

- جامع معاہدے پر دستخطوں کے بعد، اب ایران و روس کے تعلقات مستحکم ہونگے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے اسٹراٹیجک پارٹنر ہونگے۔

- اس لئے کہ مستقبل میں ہوا کا کوئی جھونکا ہمارے جغرافیائی-سیاسی تعلقات کو متزلزل نہ کرے، ہمیں طاقتور اچھے اقتصادی اور تجارتی تعلقات قائم کرنا پڑیں گے۔

- ہمیں موجودہ مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنا چاہئے اور ایسے اہم اقتصادی تعاون قائم کرنا پڑے گا جو سیاسی اور سفارتی ڈھانچوں کی بنیاد بن سکے اور کوشش کریں کہ ہمارے سیکورٹی اور دفاعی وسائل ہمارے تجارتی اور اقتصادی مفادات کی حفاظت کریں۔ فریقین کا عزم یہی ہے، ان کے نظریات یہی ہیں اور وہ دونوں اسی فکر کے حامل ہیں اور یہ بہت اہم بنیاد ہے اس کے لئے کہ اس معاہدے کو نافذ العمل کیا جائے اور مستقبل قریب میں باہمی تجارتی تعاون میں غیر معمولی اضافہ ہو سکے۔