اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

1 اپریل 2023

10:05:42 AM
1355235

کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ، 12 افراد جاں بحق

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میں نورس چورنگی کے قریب راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سائٹ کے علاقے میں واقع ایک فیکٹری میں پیش آیا جہاں فیکٹری انتظامیہ نے راشن بانٹنے کا اعلان کیا تھا۔ راشن حاصل کرنے کے لئے فیکٹری کے دروازے پر سینکڑوں افراد جمع ہوگئے اور عینی شاہدین کے مطابق دروازہ کھلتے ہی لوگ اندر کی جانب دوڑ پڑے۔

اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 9 خواتین شامل ہیں۔ 15 زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس جگہ راشن تقسیم کیا جارہا تھا کہ وہاں کرنٹ لگنے سے بھگدڑ مچی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بھگدڑ کے دوران قریبی نالے کی دیوار بھی گرگئی جس میں دب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ کئی افراد نالے میں گر کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کے لئے بھی ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242