اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

28 ستمبر 2015

5:35:22 PM
712779

اخبار الشرق الاوسط کے بے بنیاد دعوؤں کا جواب

کیا ایرانی حجاج سانحہ منیٰ کا باعث بنے؟ کیا ایرانی حجاج مخالف سمت حرکت کر رہے تھے؟

ہرگز یہ خبر درست نہیں ہے۔ جو لوگ حالیہ سالوں حج تمتع میں موجود رہے ہیں وہ بخوبی جانتے ہیں کہ بالکل واپس پلٹنے کا امکان نہیں ہوتا۔ لہذا ممکن نہیں ہے کہ ۳۰۰ ایرانی زائر الٹی سمت حرکت کرنے لگیں۔ علاوہ از ایں، یہ سانحہ عید قربان کی صبح کو رونما ہوا ہے یعنی ابھی کسی نے رمی جمرات کیا ہی نہیں کہ کوئی واپس پلٹے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایسے حال میں کہ عالم اسلام اپنے اپنے حجاج کے سوگ میں عزادار ہے اور آل سعود کی حکومت بجائے اس کے کہ معذرت خواہی کر کے اور کسی نہ کسی طریقے سے اس واقعے کا جبران کر کے امت مسلمہ کو تسلی دے، دوسروں پر الزام تراشی کر کے خود کو بری الذمہ قرار دیتی اور غمزدہ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔

اس کے بعد سعودی عہدہ داروں نے’’ حجاج کی بد نظمی‘‘ اور ’’قضا و قدر‘‘ کو اس سانحے کا قصور وار ٹھہرایا اب اسلامی جمہوریہ ایران کو نشانہ بناتے ہوئے اس بات کا الزام لگایا ہے کہ اس واقعے کے اصلی قصور وار ایرانی تھے جنہوں نے اتنے حاجیوں کو قتل کیا ہے۔

ایران کے خلاف عالمی سطح پر پروپیگنڈا کرنے کے لیے کئی ایجنسیاں وجود میں لائی گئی ہیں جو ’’ ایران تقتل الحجاج‘‘ (ایران حاجیوں کا قاتل ہے) کے عنوان سے دنیا کے مسلمانوں کے ذہنوں کو دوسری طرف موڑنے میں مصروف عمل ہیں۔

اخبار الشرق الاوسط جو آل سعود سے وابستہ ہے نے آج کی خبر میں شائع کیا ہے کہ حج کمیٹی کے ایک نامعلوم عہدہ دار نے کہا ہے کہ ایرانی حاجی منیٰ کے سانحے کا سبب بنے ہیں!



اس اخبار نے لکھا ہے: ایرانی کاروانوں کے رہنماوں نے ان احکامات کے خلاف جو منیٰ میں حجاج کے درمیان نظم و ضبط پیدا کرنے کے لیے صادر کئے جاتے ہیں عمل کیا اور تین سو ایرانی حجاج نے باقی زائرین کے مخالف سمت حرکت کرنا شروع کر دی جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا!

اس خبر کی چھان بین کے لیے اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی نے ایران کی حج کمیٹی کے ایک عہدہ دار جو ابھی مکہ میں موجود ہیں سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ اس وضاحت کے ساتھ کہ اس عہدہ دار کا نام ان کی جان کی حفاظت کی خاطر شائع نہیں کیا جائے گا سے کی گئی گفتگو کا مکمل ترجمہ حاضر خدمت ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ابـنا: اخبار الشرق الاوسط نے دعویٰ کیا ہے کہ تین سو ایرانی حجاج جو مخالف سمت جا رہے تھے وہ منیٰ میں اس سانحے کا باعث بنے ہیں۔ آپ کی نگاہ میں کیا یہ خبر صحیح ہے چونکہ آپ موقع پر موجود تھے؟

۔ ہرگز یہ خبر درست نہیں ہے۔ جو لوگ حالیہ سالوں حج تمتع میں موجود رہے ہیں وہ بخوبی جانتے ہیں کہ بالکل واپس پلٹنے کا امکان نہیں ہوتا۔ لہذا ممکن نہیں ہے کہ ۳۰۰ ایرانی زائر الٹی سمت حرکت کرنے لگیں۔ علاوہ از ایں، یہ سانحہ عید قربان کی صبح کو رونما ہوا ہے یعنی ابھی کسی نے رمی جمرات کیا ہی نہیں کہ کوئی واپس پلٹے گا۔ کیوں ایرانی حجاج الٹی سمت حرکت کرنے لگیں گے بغیر رمی جمرات کئے؟!

ابـنا: گزشتہ سالوں میں الٹی سمت حرکت کرنے کا امکان نہیں پایا جاتا تھا اور جانے آنے کے راستے بالکل الگ الگ ہوتے تھے۔ کیا اس سال یہ سہولت نہیں تھی؟

۔ اس سال بھی یہ سہولت اپنی جگہ موجود تھی اور بالکل اس راستے سے واپسی کا امکان نہیں تھا جس راستے سے حاجی رمی جمرات کے لیے جا رہے تھے جبکہ ابھی واپسی والے راستے سے واپسی کی نوبت ہی نہیں آئی تھی چونکہ ابھی رمی جمرہ انجام ہی نہیں پایا تھا۔ اور توجہ کی بات یہ ہے کہ یہ سانحہ تقریبا منیٰ کے آخر میں رونما ہوا ہے اور وہاں سے کسی کے واپس لوٹنے کی کوئی صورت ہی نہیں بنتی۔ اس لیے کہ سب رمی جمرات کے لیے ہی جا رہے تھے۔

ابـنا: اس اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ۳۰۰ حاجی مزدلفہ سے منیٰ میں داخل ہوئے جو خیموں میں نہیں گئے تھے۔

۔ ہم خود اسی کاروان کے ساتھ تھے ہم مزدلفہ سے منی میں گئے اور وہاں ناشتہ کیا اس کے بعد رمی جمرات کے لیے نکلے۔ جیسا کہ ہم نے کہا یہ واقعہ جمرات کے نزدیک رونما ہوا نہ کہ مزدلفہ سے داخل ہوتے وقت۔ وہاں بھی راستہ یکطرفہ تھا علاوہ از ایں، لاکھوں افراد کا مجمع ایک راستے پر ایک سمت جا رہا ہو وہاں سے مخالف سمت حرکت کرنا، بالکل ناممکن بات ہے۔

ابـنا: پس اس وضاحت کے بعد، لوگوں کے ایک دوسرے پر گرنے اور اس حادثے کے رونما ہونے کی وجہ کیا تھی؟

۔ افسوس سے سعودی پولیس نے راستہ بند کر دیا۔ انہوں نے اکثر حاجیوں کو سڑک نمبر ۲۰۴ کی طرف رہنمائی کی لیکن اچانک پولیس نے سڑک کو بند کر دیا۔ جب لوگوں کی تعداد بڑھتی گئی پیچھے سے لوگ آگے جا رہے تھے اور آگے والے کھڑے ہوئے تھے تو پولیس نے لوگوں کو سڑک پر بٹھانا شروع کر دیا جب لوگ زمین پر بیٹھنا شروع ہو گئے تو پیچھے والوں نے سوچا کہ راستہ کھل گیا ہے لہذا انہوں نے لوگوں کو آگے دبانا شروع کر دیا۔ نتیجہ میں لوگ ایک دوسرے کے اوپر گرنا شروع ہو گئے اور یہ درد ناک سانحہ وجود میں آیا۔

ابـنا: سڑک نمبر ۲۰۴ کو بند کرنے کی وجہ کیا تھی اس کے بارے میں مختلف احتمالات دئے جا رہے ہیں۔ سعودی حکومت بھی اس کا کوئی معقول جواب نہیں دے رہی ہے اور اس کی کوئی معقول وجہ نہیں بتا رہی ہے۔ کیا آپ کی نظر میں اس کی کوئی خاص وجہ تھی؟

۔ ابھی تک اس کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے شاید وہ چاہتے تھے کہ خود جمرات پر زیادہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو، پل کے اوپر ازدحام زیادہ نہ بڑھے تاکہ گزشتہ سالوں کی طرح پل نہ گر جائے۔ لیکن یہ کام انتہائی بے نظمی اور اس کے نتائج کی طرف توجہ کئے بغیر انجام دیا۔

ابـنا: با فرض محال، اگر کسی بھی وجہ سے، کسی ملک کے حجاج اسی راستے سے واپس پلٹنا چاہیں تو پولیس اس میں کیا رول ادا کرے گی؟

۔ حقیقت یہ ہے کہ پولیس نے کوئی بھی مثبت کردار ادا نہیں کیا۔ جب لوگ ایک دوسرے پر گرنا شروع ہوئے اور گھٹ گھٹ کر جانیں دینے لگے پولیس صرف تماشا دیکھ رہی تھی اور کوئی ان کی مدد نہیں کر رہی تھی پانی کی گھونٹ انہیں نہیں دے رہی تھی۔ ان کی تعداد بھی بہت کم تھی۔ بلکہ یوں کہا جائے کہ خود پولیس اس سانحے کا سبب بنی۔ یعنی بجائے اس کہ ورودی راستے(Entrance) کو بند کرے تاکہ پیچھے سے لوگ زیادہ نہ آئیں باہر نکلنے والا راستہ ( exit) بند کر دیا!

ابـنا: یعنی اگر سڑک آخر سے کھلی ہوتی تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا؟

۔ اگر راستہ کھلا ہوتا یقینا یہ حادثہ رونما نہ ہوتا۔ حتی اگر تھوری دیر بعد بھی کوئی راستہ کھول دیا ہوتا تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔ اس لیے کہ لمحہ بہ لمحہ بھیڑ میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا اور گرمی بھی شدید ہوتی جا رہی تھی۔ لہذا گرمی کی شدت اور راستہ کا بند کیا جانا اس حادثے کا باعث بنا۔

ابـنا: اخبار الشرق الاوسط نے ایک اور دعویٰ بھی کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ منیٰ کے منیجمنٹ ادارے نے اعلان کیا تھا کہ ایرانی حجاج ترکی کے حجاج کے ساتھ اس وقت رمی جمرات کرنے جائیں جو ان کے لیے معین کیا ہوا ہے لیکن ایرانی کاروانوں کے رہنما اس اعلان کی طرف توجہ کئے بغیر ۳۰۰ ایرانیوں کو لے کر بھیڑ میں گھس گئے۔!

۔ یہ بات بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔ ایسا کوئی دستور اور اعلان ہمیں نہیں ملا تھا۔ بالکل ممالک کے تقسیم بندی ہمیں نہیں بتائی گئی۔ ہرسال ایرانی زائر اسی وقت اور اسی راستے سے رمی جمرات کے لیے جاتے تھے اور یہ راستہ ایران یا کسی اور ملک سے مخصوص نہیں تھا۔

ابـنا: ان حقائق کے باوجود کیوں سعودی میڈیا اس طرح کی نادرست اور غلط توجیہات پیش کر رہا ہے؟

۔ یہ سب توجیہات، منیٰ میں اپنی کوتاہیوں کا اقرار کرنے اور اس سانحے کی ذمہ داری قبول کرنے سے فرار کی بنا پر ہیں۔

ابـنا: الاشرق الاوسط نے ان بے بنیاد دعوؤں کو ایرانی حج کمیٹی کے ایک عہدہ دار کی طرف نسبت دی ہے جبکہ اس کا نام بھی ذکر نہیں کیا۔

۔ نہ ایسا کوئی شخص ہے اور نہ یہ باتیں حقیقت رکھتی ہیں۔ یہ باتیں ایرانی حج کمیٹی کے عہدہ داروں کی جانب سے ناممکن ہیں۔

ابـنا: سعودی عرب سے وابستہ بعض ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سانحے کے اصلی قصور وار چونکہ ایرانی تھے لہذا بعض ایرانیوں کو پکڑ کر جیل میں بھی دیا گیا ہے کیا یہ خبر درست ہے؟

۔ یہ خبر بھی محض ایک جھوٹ ہے۔ بالکل ایسی کوئی بات نہیں۔ کوئی ایرانی اس سلسلے میں گرفتار نہیں ہوا نہ ہی جیل میں ہے۔

ابـنا: کیوں مرنے والوں میں زیادہ تعداد ایرانیوں کی ہے؟

۔ اس لیے کہ جس راستے میں یہ حادثہ رونما ہوا ہے اس راستے میں زیادہ خیمے ایرانیوں اور افریقیوں کے تھے۔ دوسرے راستے ہمارے لیے بند کئے ہوئے تھے البتہ مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد ایرانیوں کی نہیں ہے لیکن ایرانی بھی کافی زیادہ جانبحق ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ اس سانحے میں مرنے والوں کی تعداد افریقی ممالک سے تعلق رکھتی ہے۔

ابـنا: سانحے کے بعد دو تین گھنٹے تک امداد رسانی نہیں ہوئی۔ ایسا کیوں ہوا؟

۔ افسوس سے میزبان حکومت اس حادثے کو سنبھالنے کے لیے پہلے سے کوئی آمادگی نہیں رکھتی تھی۔ مسجد الحرام میں کرین حادثے میں بھی ایسا ہی ہوا امداد رسانی وقت پر نہیں ہوئی۔

ابـنا: آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان سخت حالات میں بھی آپ نے ہمارے ساتھ گفتگو کی اور ان مبہم مسائل کو واضح کیا۔

۔ میں بھی آپ کا شکریہ کرتا ہوں اور جانبحق ہوئے افراد کے پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتا ہوں۔ ملت ایران سے گزارش کرتا ہوں کہ جو لوگ گم ہیں ان کے زندہ ملنے کی دعا کریں۔

.............................
۲۴۲