اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،غرب اردن میں واقع جنین کیمپ پر صیہونی فوج کے حملوں کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ جنین شہر پر غاصب صیہونی فوج کے دو دنوں سے جاری حملوں میں اب تک دس فلسطینی شہید اور چالیس سے زيادہ زخمی ہو چکے ہيں۔ صیہونی حکومت نے اس آپریشن کا نام دیوار آہنی رکھا ہے ۔
دریں اثناء تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس سے وابستہ جنین بریگيڈ نے متعدد محاذوں پر غاصب صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کرنے اور جدید ترین جنگي ٹیکٹک سے استفادہ کرتے ہوئے غاصبوں کو بھاری نقصان پہنچانے کی خبر دی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی ذرائع نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شمالی رام اللہ کے المزرعہ دیہات میں ایک فلسطینی کے گھر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا اور اس دیہات کے آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔غاصب صیہونی فوجیوں نے اس کے علاوہ شمالی غرب اردن کے طولکرم علاقے ، روجیب دیہات اور مغربی نابلس میں العین کیمپ پر بھی حملے کئے ہیں جبکہ شہر جنین اور جنین کیمپ میں اس نے اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے - اس کے ساتھ ہی فلسطینی ذرائع نے شہر جنین میں سرکاری اسپتال کے سامنے کے اسٹرکچر کو تباہ کردیئے جانے کی خبر دی ہے۔ دریں اثنا صیہونی حکومت کے ميڈيا ذرائع نے تل ابیب میں فلسطینیوں کی شہادت پسندانہ کارروائی میں تین صیہونیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے - فلسطین الیوم چینل نے صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا کہ تل ابیب میں غیر آتشیں ہتھیار سے حملے کے نتیجے میں تین انتہاپسند صیہونی آبادکار زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں زخمی ہونے والے صہیونیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ صیہونی حکومت کے ميڈيا ذرائع نے منگل کی رات تل ابیب میں صیہونیت مخالف کارروائي کرنے والے شخص کو امریکی شہری بتایا ہے ۔ صیہونی ميڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کارروائي انجام دینے والا ایک مراکشی نژاد امریکی شہری ہے ۔ رام اللہ نیوز ویب سائٹ نے صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے مزید کہا کہ تل ابیب میں صیہونیت مخالف آپریشن کرنے والا ایک مراکشی نژاد امریکی سیاح ہے جو چند روز قبل ہی مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوا تھا۔