اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

7 فروری 2023

3:55:18 PM
1344414

عشرہ فجر کے موقع پر مختلف ادیان کے مذہبی رہنماؤں کی صدر رئیسی سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر سید ابراہیم رئیسی نے عشرہ فجر کی مناسبت سے ایران میں مختلف ادیان اور مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی انقلاب اور اس کی کامیابیاں اور ثمرات تمام ایرانی عوام سے متعلق ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی قوم یا مذہب سے ہو۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔بنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ اور عشرہ فجر کی مناسبت سے ادیان توحیدی کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ عشرہ فجر مختلف اقوام، مذاہب اور ادیان سے تعلق رکھنے والے بابصیرت ایرانی عوام کی استقامت اور ان کی کامیابیوں کی یاد تازہ کرنے کا موقع ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے مختلف مذاہب کےمذہبی رہنماؤں سے خطاب کے دوران کہا کہ ایرانی عوام نے پامردی اور استقامت کا بھرپور مظاہرہ کرکے امریکہ کی حد درجہ دباؤ کی پالیسی کو دیوار سے لگا دیا جو اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ایرانی عوام کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے جذبے، استقامت اور استحکام اور محنت اور تحرک کو بڑھا کر سیاست، اقتصاد اور ثقافت کے میدانوں میں خودمختاری میں اضافہ کرنا چاہئے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر مغرب میں انتہا پسند عناصر اور بعض حکومتوں کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں اہانت کوصحیح ٹہرانے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے تمام انبیائے الہی اور ادیان توحیدی کی بے حرمتی قرار دیا اور کہا کہ دو ارب کے قریب مسلمانوں کے پیغمبر کی توہین کرنے کو آزادی اظہار رائے نہیں کہا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حرکت دراصل خدا کی وحدانیت کے قائل تمام مذاہب کے پیرو افراد کی توہین اور آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔

صدر ایران نے فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ آج یہودیت کے نام پر فلسطین اور اس کے مظلوم عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں حالانکہ ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کا حضرت موسی علیہ السلام اور یہودیت کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مجاہدتوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر کو دوسرے ممالک کے عوام کی بھی فکر تھی جس کا منہ بولتا ثبوت عراق میں ان کی شہادت ہے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے تکفیری دہشت گردی کو ختم اور علاقے کے عوام کی جان کو اس مصیبت سے چھڑانے کے لئے، اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا۔

سید ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیں اس بات کی تعلیم دی ہے کہ دوسروں کی پریشانیوں کو اپنی پریشانی سمجھیں لہذا آج بھی شام اور ترکیہ میں پیش آنے والی قدرتی آفت اور مصیبت کو ہمیں اپنی پریشانی اور مصیبت سمجھ کر وہاں لوگوں کی مدد کرنی چاہئے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242