اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
ہفتہ

12 جون 2021

12:55:57 PM
1149854

صدر پوتین اور جوبائیڈن کے درمیان ملاقات، تعلقات کی بہتری کی کوئی امید نہیں

روس نے کہا ہے کہ صدر پوتین اور جوبائڈن کے درمیان ملاقات سے کسی خاص پیشرفت اور معجزے کی امید نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات حالیہ چند برسوں کے دوران کمترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

این بی سی ٹی وی کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان دوجانبہ تعلقات ہیں، جو ہر اعتبار سے اس وقت نچلی ترین سطح پر آچکے ہیں۔

پوتین نے اپنے اس انٹرویو ميں اسلامی جمہوریہ ایران کو خلائی ٹیکنالوجی کی فراہمی سے متعلق مغربی ذرائع ابلاغ کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا۔

روسی صدر رواں ماہ کی 16 تاریخ کو جنیوا میں اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ وہ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے چند سال قبل ہیلسنکی میں بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

ولادیمیر پوتین کا کہنا ہے کہ بائڈن ٹرمپ سے کافی مختلف ہیں وہ ایک کہنہ مشق سیاستداں ہیں جہنوں نے اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ سیاست میں گزارا ہے۔

پوتین نے بائڈن کے ساتھ مذاکرات میں کسی خاص پیشرفت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے یہ مذاکرات دوستانہ ماحول میں انجام پائيں گے۔

اس سے قبل یورپی یونین میں روس کے مستقل مندوب ولادیمیر شیزوف نے دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان مذاکرات پر ردعمل دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ پوتین اور بائڈن کے درمیان ملاقات سے کسی معجزے کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲