اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : sahartv
جمعہ

29 جنوری 2021

8:11:28 PM
1110388

صیہونی سفارت خانے کے قریب دھماکہ

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں صیہونی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے عہدیداران نے تصدیق کی کہ ڈاکٹر عبد الکلام روڈ پر صیہونی سفارت خانے کے قریب معمولی نوعیت کا دھماکہ ہوا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم قریب کھڑی چند گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا اور پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

ہندوستان میں پـچھلے آٹھ برس کے دوران اسرائیلی سفارت خانے کے قریب یہ دوسرا دھماکا ہے۔ اس سے پہلے فروری دوہزار بارہ میں بھی اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایسا ہی ایک دھماکہ ہوا تھا۔

اس سے پہلے 2012 میں بھی نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے ایک ہلکار کی کار کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔ اس دھماکے میں اسرائیلی سفارتکار اور سفارت کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

دھماکے کی اطلاع کے بعد تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم ہو گئی ہیں۔ دہلی میں اس دھماکے کے مد نظر سی آئی ایس ایف نے ائیرپورٹ سمیت سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہوئے دھماکے کے بارے میں اپنے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کی۔

انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کا پتہ لگانے میں کوئی کسر نہيں چھوڑی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/242