اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : سحر ٹی وی
جمعہ

30 اکتوبر 2020

10:39:59 AM
1082109

آزادی اظہار کسی کی توہین کا حق نہیں دیتا: مہاتیر محمد

فرانس کے صدر میکرون کی جانب سے رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی اہانت کرنے والے مجرم کی قدردانی کرنے کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے فرانس کے خلاف شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان سے نہیں لگتا کہ وہ مہذب ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے لکھا کہ میکرون نے ایک غصیلے فرد کے عمل کا الزام پوری امت مسلمہ پر تھوپا، اس لحاظ سے مسلمانوں کو بھی حق پہنچتا ہے کہ وہ فرانس کو تاریخی جرائم کی سزا دیں۔

سابق ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کسی کی توہین کا حق نہیں دیتا۔ آزادی اظہار کے نام پر کوئی فرد کسی دوسرے شخص کو جاکر برا بھلا کہنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

مہاتیر محمد کا مزید کہنا تھا کہ مغرب کی اپنی اقدار ہم پر تھوپنے کی کوشش ہماری آزادی چھیننے کے مترادف ہے۔ مغرب اپنے مذہب سےتو دور ہوچکا ہے مگر انہیں دوسرے مذاہب کی توہین نہیں کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو نے کئی بار پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹون شائع کیے اور فرانسیسی حکومت اور صدر امانوئل میکرون نے اسلام اور مسلمانوں پر پروپیگنڈا حملوں کو کم کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے اسلامی مقدسات کی توہین کو آزادئ اظہار رائے کا ایک اقدام قرار دیا جس کے بعد مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲