اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : sahar tv
ہفتہ

20 جون 2020

10:02:56 AM
1048272

چین نے گرفتار ہندوستانی فوجیوں کو رہا کر دیا

چینی فوج نے درہ گلوان میں حالیہ جھڑپ میں گرفتار کیے جانے والے دس ہندوستانی فوجیوں کو رہا کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نئی دہلی میں حکام نے بتایا ہے کہ دس ہندوستانی فوجیوں کی رہائی دونوں ملکوں کے اعلی فوجی حکام کے درمیان دو روز کے مذاکرات کے بعد عمل میں آئی ہے۔ مذکورہ ہندوستانی فوجیوں کو لداخ کے علاقے میں چینی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی حالیہ جھڑپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ہندوستانی حکام اور میڈیا نے کہا تھا کہ کوئی بھی ہندوستانی فوجی چینی فوجیوں کے قبضے میں نہیں ہے- گزشتہ دنوں لداخ کی وادی گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی تھی اور فریقین نے ایک دوسرے کے درجنوں فوجیوں کے مارے جانے کا دعوی کیا تھا۔

ہند چین سرحد پر صورتحال اگرچہ پر امن بتائی جا رہی ہے لیکن کشیدگی پوری طرح باقی ہے اور دونوں ملکوں نے اپنے تازہ دم فوجی سرحدوں کی جانب روانہ کیے ہیں۔ اس درمیان ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے چین کے ساتھ حالیہ خونریز جھڑپ پر پیدا ہونے والی صورتحال پر کُل جماعتی میٹنگ کی۔ کل جماعتی میٹنگ میں عام آدمی پارٹی اور لالو پرساد کی راشٹریہ جنتادل کو مدعو نہیں کیا گیا جس پر ان دونوں ہی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

342/