اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Mehrnews
بدھ

6 مئی 2020

10:18:59 AM
1034135

فلپائن حکومت کا ملک کے سب سے بڑے ٹی وی نیٹ ورک کو بند کرنے کا حکم

فلپائن کی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے ٹی وی نیٹ ورک اے بی ایس-سی بی این کے لائسنس کی تجدید سے انکار کرتے ہوئے نیٹ ورک کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلپائن کی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے ٹی وی نیٹ ورک اے بی ایس-سی بی این کے لائسنس کی تجدید سے انکار کرتے ہوئے نیٹ ورک کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوئٹرکی اتحادی کانگریس نے ٹی وی نیٹ ورک کے 25 سالہ لائسنس کی توسیع سے انکارکردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق لائسنس کی تجدید کرنے والی سرکاری ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ قانونی تقاضون کے مطابق درست کانگریشنل فرنچائز کی عدم موجودگی پر نیٹ ورک کو اپنے مختلف اسٹیشنوں اور ریڈیو کو بندکرنا چاہیے۔

نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمیشن (این ٹی سی) کا کہنا تھا کہ اے بی ایس-سی بی این کا لائسنس 4 مئی کو ختم ہوگیا تھا اور اسٹیشن کو جواب کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی تھی۔

نیٹ ورک کے ریڈیو کو انٹرویو میں این ٹی سی کے ڈپٹی کمشنر ایڈگارڈو کیبریوس کا کہنا تھا کہ احکامات پر فوری عمل درآمد ہوگا اور جسٹس ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری قانونی حیثیت سے آگاہ کریں گے۔

ریڈیو سے نشر ہونے والے ابتدائی بیان میں اے بی ایس-سی بی این کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ وہ احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے نیٹ ورک کوبندکردیں گے۔

342/