اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Mehrnews
جمعہ

1 مئی 2020

10:42:43 AM
1032055

جاپان کا کورونا وائرس کی وجہ سے ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان

جاپان نے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں 6 مئی تک لگی ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نےغیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جاپان نے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں 6 مئی تک لگی ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات  کے مطابق جاپان میں لگی ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ اضافے کے باعث ملک بھر کے تمام اسکول مئی کے مہینے میں بھی بند رکھے جائیں گے ۔  یہ بھی کہا گیا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں جاپان کے ہر فرد میں ایک لاکھ ین کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔  یاد رہے کہ جاپان کے وزیراعظم شینزوایبے نے کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی ایمرجنسی اُٹھانے سے پہلے ماہرین سے مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جاپان کے وزیراعظم نے 16 اپریل سے 6 مئی تک ایمرجنسی کا نفاذ کیا تھا۔  بدھ کو جاپان میں کورونا وائرس کے مزید 47 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ جاپان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13929 ہوگئی ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک 415 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔