اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
ہفتہ

21 مارچ 2020

6:45:26 AM
1019175

اٹلی میں کورونا سے تباہی جاری

اٹلی میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 627 افراد کی ہلاکت کے بعد اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4032 ہوگئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے مطابق چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس تیزی سے دوسرے ممالک میں پھیل رہا ہے اور اس وقت کئی ممالک اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔

اٹلی کی سول پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ اٹلی میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں 14.6 فی صد اضافہ ہوا ہے اور وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 47021 ہوچکی ہے۔ اٹلی میں گزشتہ ماہ سے وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اٹلی میں پہلے ہی عوام کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا تاہم جمعے کو وزارت صحت نے ملک بھر کے پارک اور باغات بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعےکو یورپ کے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپیں میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 1000سے تجاوز کرگئیں۔ ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 19980 ہوچکی ہے۔

دوسری جانب فرانس میں کورونا وائرس سے 78 اموات کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 450 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد میں 15 فی صد اضافہ ہوا ہے اور ان کی کل تعداد 12612 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں کورونا وائرس سے اموات میں 21 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے 40 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 177 ہوگئی ہے۔ صرف لندن میں وائرس سے 18 ہلاکتیں ہوئیں۔ وبا کی روک تھام کے لیے وزیر اعظم بورس جانسن نے برطانیہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

..............
342