اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Mehr News
جمعرات

20 فروری 2020

5:10:19 AM
1011747

ملائیشیا کے وزیراعظم کا نومبر تک مستعفی ہونے کا اعلان

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وہ نومبر تک عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وہ نومبر تک عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی صدارتی کونسل میں اقتدار کے تبادلے کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو، وہ نومبر میں اہم ترین ایشیا پیسیفک اکنامک کارپوریشن سمٹ کے بعد عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔اطلاعات کے مطابق ملائیشیا میں حکمراں اتحادی جماعت" پاکاتان ہاراپان " کی صدارتی کونسل میں 21 فروری کو ہونے والے اہم اجلاس میں ملک میں اقتدار کے تبادلے کے حوالے سے غور و خوص کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو شکست دینے کیلیے بنائے گئے انتخابی اتحاد نے فیصلہ کیا تھا کہ کامیابی کی صورت میں وزیراعظم کے عہدے  پرآدھی مدت کیلیے مہاتیر محمد اور پھر بقیہ مدت کیلیے انور ابراہیم کو وزیراعظم بنایا جائے گا۔ انور ابراہیم انتخابات کے موقع پر جیل میں اسیر تھے اس لیے پہلے مہاتیر محمد کو یہ عہدہ دیا گیا جب کہ ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ انور ابراہیم کی اہلیہ کو دیا گیا۔ انور ابراہیم نے آدھی مدت کے لیے وزیراعظم بنائے جانے کی شرط پر جیل میں رہتے ہوئے انتخابی مہم چلائی جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔انور ابراہیم کے حامی ارکان مہاتیر محمد پر اپریل 2020 کو وزیراعظم کی مدت کے دو سال پورے ہونے پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم مہاتیر محمد نے دباؤ کو مسترد کردیا جس پر 21 فروری کو صدارتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔



/129