اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
پیر

10 فروری 2020

6:03:28 AM
1009124

کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 906 ہو گئی

چین کی حکومت نے اتوار کی شب اعلان کیا ہے کہ اب تک کورونا وائرس نوسو چھ افراد کی جان لے چکا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فارس نیوز کے مطابق چین میں خوفناک کورونا وائرس سے مزید 93 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد کورونا سے اموات کی تعداد 813 سے بڑھ کر 906 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیماروں کی تعداد میں بھی3ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 37 ہزار سے بڑھ کر 40 ہزار ہوگئی ہے جبکہ 3 ہزار 274 بیمار صحت یاب ہوگئے ہیں۔

گزشتہ برس کے آخری ایام میں کورونا وائرس مشرقی چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا اور اب یہ چین کے تیس صوبوں کے علاوہ کم از کم تیئیس ملکوں تک بھی سرایت کر چکا ہے۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن اور وزارت خزانہ نے ساٹھ ارب یوان یعنی نو ارب ڈالر کورونا وائرس سے مقابلے کے لئے مختص کر دیئے ہیں

ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے بھی کورونا وائرس کو ایک عالمی المیہ قرار دیتے ہوئے اسکی روک تھام کے لئے چین کے ساتھ تمام ممالک کے تعاون کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین انتھک محنت،لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اس سخت مرحلے کو پار کر لے گا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان میں دنیا کے تمام ملکوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے اندر اس مہلک وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی تیاری کریں۔

عالمی ادارہ صحت نے دو روز قبل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی سطح پر ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا اور بہت سی بین الاقوامی ایئرلائنز نے چین کی جانب اپنے طیارے بھیجنے پر پابندی لگا دی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ خطہ میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید 7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں متاثرین کی تعداد 46 ہوگئی ہے جبکہ فرانس کے پہاڑی مقام میں چھٹیاں گزارنے والے 5 برطانوی شہری بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔


/129