اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی غزہ پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی کی شہادت کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 73 ہزار 389 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے جمعرات کو جاری کردہ اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں بیت لاہیا پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایک فلسطینی کا جسدِ خاکی اور 7 زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق مہند سعدہ نامی نوجوان فلسطینی شمالی غزہ کے شہر بیت لاہیا میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوا، جبکہ متعدد دیگر فلسطینی زخمی ہوئے۔ یہ حملہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اپنی نوعیت کا پہلا حملہ تھا، جس میں بیت لاہیا کے مغربی چوک کے قریب موجود شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کے الشفاء اسپتال کے شعبہ ہنگامی امداد اور استقبالیہ نے بتایا کہ شہید اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق شہید مہند سعدہ پانی کے ایک ایسے کنویں کی مرمت مکمل کرنے کے بعد گھر واپس جانے والے کارکنوں اور تکنیکی ماہرین کے گروپ میں شامل تھا، جو اسرائیلی حملوں کے باعث متاثر ہوا تھا۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 73 ہزار 389 فلسطینی شہید اور 174 ہزار 266 زخمی ہوچکے ہیں۔ وزارت کے مطابق متعدد شہداء تاحال ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، تاہم امدادی اور شہری دفاع کی ٹیمیں ان تک رسائی حاصل کرنے اور ان کی لاشیں نکالنے سے قاصر ہیں۔
جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں، فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے میں فلسطینی شہید اور زخمی ہورہے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور رہائشی مکانات، شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
آپ کا تبصرہ