اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان اور لبنان نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل نے راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ گفتگو کے دوران پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
دوسری جانب لبنانی فوج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
پاک فوج کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
جنرل روڈولف ہیکل ہفتے کے روز سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ لبنانی فوج کے مطابق یہ دورہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر کیا گیا، تاہم دورے کی مدت اور دیگر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
آپ کا تبصرہ