9 جون 2026 - 16:21
البانیہ کے وزیراعظم کے الزامات پر ایران کا سخت ردعمل

تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے البانیہ کے وزیراعظم کی جانب سے ایران پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مطالبات اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے دوسروں پر الزام تراشی کا سہارا نہیں لیا جانا چاہیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے البانیہ کے وزیراعظم ایڈی راما کی جانب سے ایران کے خلاف دہرائے گئے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام جاری کیا۔

بقائی نے اپنے پیغام میں لکھا: "ذرا تحمل سے کام لیجیے جناب وزیراعظم! یہ آپ تھے جنہوں نے اس سلسلے کا آغاز کیا، لہٰذا اس کے نتائج بھی آپ ہی کو قبول کرنا ہوں گے۔"

انہوں نے کہا کہ البانیہ کے عوام ایک باشعور، باثقافت اور قدیم تاریخ رکھنے والی قوم ہیں اور وہ حق و باطل میں فرق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، اگر کوئی اپنی قومی خودمختاری کا سودا کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا اپنا معاملہ ہے، لیکن عوامی غصے اور احتجاج کا سامنا ہونے پر دوسروں پر الزام تراشی کرکے جوابدہی سے فرار اختیار نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف بار بار دہرائے جانے والے بے بنیاد الزامات پر مشتمل طویل بیانات جاری کرنے کے بجائے البانیہ کی حکومت کو اپنے عوام کی آواز سننی چاہیے۔

بقائی نے البانیہ میں جاری عوامی احتجاجی نعروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر لوگ "ہم بدعنوانی کے خلاف ہیں"، "ہم انصاف چاہتے ہیں" اور "راما مستعفی ہو" جیسے نعرے لگا رہے ہیں، جن پر توجہ دینا زیادہ ضروری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha