استقامتی کارروائیاں، صیہونی کابینہ کے بکھرنے کا باعث بنیں: یدیعوت احارونوت

استقامتی کارروائیاں، صیہونی کابینہ کے بکھرنے کا باعث بنیں: یدیعوت احارونوت

صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں استقامتی کارروائیوں میں اضافہ ، نقتالی بینٹ کابینہ کا شیرازہ بکھرنے کا باعث بنی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صیہونی اخبار یدیعوت احارنوت نے اپنی رپورٹ میں فلسطین کی استقامتی تنظیموں اور محاذ کی قوتوں میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ متحدہ عرب الائنس کے ساتھ نفتالی بینٹ کے اتحاد کے بارے میں صیہونی حکومت کی دائیں بازو کی پارٹی کی خاموشی کا سلسلہ انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کی حالیہ کارروائیوں کے بعد اب ٹوٹ گیا اور ایک بار پھر دائیں بازو کی جماعتوں میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔

روزنامہ یدیعوت احارنوت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ درحقیقت مقبوضہ فلسطین میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی کارروائیاں ایسی حالت میں انجام پائی ہیں کہ نفتالی بینٹ برسراقتدار تھے اور یہی مسئلہ اتحاد کے ٹوٹنے اور بکھرنے کا باعث بنا ہے کیونکہ یہ اتحاد مختلف پارٹیوں اور شخصیات کے درمیان تعاون کی بنیاد پر تشکیل پایا تھا اور ان میں سے ہر ایک کا مشرق وسطی اور اسرائیل اور مسئلہ فلسطین کے بارے میں اپنا اپنا الگ موقف ہے۔
یدیعوت احارنوت نے لکھا ہے کہ اتحادی کابینہ سمجھ رہی تھی کہ فلسطین کے بارے میں گہرے اور وسیع اختلافات کو الگ رکھا جا سکتا ہے اور بجٹ ، نقل و حمل اور سب سے بڑھ کر نیتن یاہو کو الگ تھلگ کرنے جیسے بنیادی اور شہری امور پر توجہ مرکوز کی جا سکتی ہے بنا برایں جو حکومت بھی مسئلہ فلسطین کو نظرانداز کرے گی وہ جلد یا بدیر ختم ہو جائے گی ۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی وزیراعظم نے صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کینسٹ کی تحلیل پر اتفاق ہونے کے بعد اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کو افراتفری اور بحران کا سامنا ہے۔
صیہونی وزیراعظم نفتالی بینٹ اور وزیرخارجہ یائیر لاپید نے پیر کی رات پارلیمان کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کرانے پر اتفاق کیا۔
درایں اثنا المنار ٹی وی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں لبنان کی سرحدی پٹی کے قریب صیہونی کالونیوں کے اوپر نامعلوم ڈرون طیارے کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
المنار ٹی وی کے رپورٹر علی شعیب نے کہ جو مقبوضہ فلسطین اور لبنان کی سرحدوں پر رونما ہونے والے واقعات کی رپورٹنگ کرتے ہیں، اپنے ٹوئٹرپیج پر ایک ویڈیو جاری کیا ہے اور خبر دی ہے کہ لبنانی سرحدوں کے قریب شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع کالونیوں کی فضاؤں میں چھوٹے ڈرون کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
المنار کے رپورٹر کے ساتھ ہی دیگر عبری زبان میڈیا نے بھی ایسے ہی ویڈیو جاری کرکے خبردی ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کو لبنانی سرحدوں کے قریب مشکوک اقدامات انجام دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور وہ شمالی مقبوضہ فلسطین کی فضاؤں میں پرواز کررہے ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242


اپنی رائے بھیجیں

آپ کا ای میل شائع نہیں ہو گا۔ * والی خالی جگہوں کو مکمل کیجیے

*