میلاد النبیؐ اور یوم ولادت امام صادقؑ ، بڈگام میں شاندار جلوس میلاد

اسلام اور مسلمین کے خلاف سازشوں کا توڑ اتحاد و عقیدہ عشق رسولؐ میں مضمر: آغا حسن

  • News Code : 871433
  • Source : ابنا خصوصی
Brief

جلوس میلاد میں تنظیم کے دینی مدارس میں زیر تعلیم ہزاروں طلباء و طالبات ، علمائے دین و معلمین و معلمات کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/آقائے دوجہاںؐ اور حضرت امام صادقؑ کے یوم ولادت باسعادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام سے حسب عمل قدیم ایک پُروقار جلوس میلاد تنظیم کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں برآمد کیا گیا جو مرکزی امام باڑہ بڈگام میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میلاد میں تنظیم کے دینی مدارس میں زیر تعلیم ہزاروں طلباء و طالبات ، علمائے دین و معلمین و معلمات کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس کے اختتام پر مرکزی امام باڑہ بڈگام میں شاندار جشن میلاد منعقد کیا گیا جہاں علمائے دین نے حضور سرور کائناتؐ کی پاک سیرت اور عظمت و مقام و منزلت کے ساتھ ساتھ سلسلہ امامت کی چھٹی کڑی حضرت امام جعفر صادق ؑ کے کردار و عمل اور علمی و دینی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جلوس میلاد کی برآمدگی سے قبل حوزہ علمیہ میر گنڈ میں شرکائے جلوس میلاد النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرسل اعظمؐ کے اسوۂ حسنہ کو قرآن حکیم کی عملی تفسیر اور امام صادقؑ کے کردار و عمل کو اسوۂ رسولؐ کی پیروی کا اعلیٰ ترین مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ملوکیت ، بادشاہت، آمریت اور جبرو طاقت کے بل پر انسانوں پر حاکمیت کے خلاف جدوجہد کا پیامی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ استعماری اور استکباری قوتیں ہمیشہ اسلام اور اس کے پیروکاروں اور برگزیدہ اسلامی شخصیات کے خلاف محاذ آرائی اور زہر آلود پروپگنڈے کی پالیسی پر گامزن رہی ہیں۔آج بھی طاغوتی قوتیں اپنی تمام تر توجہ اسلام اور مسلمین کو نقصان پہنچانے کی طرف متوجہ کیے ہوئے ہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ اسلام اور مسلمین کے خلاف موجودہ عالمگیر سازشوں اور منصوبہ بندیوں کا توڑ عقیدہ عشقِ رسولؐ میں مضمر ہے۔ صرف جذبۂ عشقِ رسولؐ سے سرفراز مسلمان ہی اپنے برادر دینی کے درد و کرب کا احساس کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کا سب سے بڑا مقصد اور ہدف اسلام دشمن قوتوں کی شر انگیز مہم جوئی کا سد باب ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کا باہمی اتحاد و اخوت دین و ایمان کا جز لاینفک ہے اور مسلک کی بنیاد پر مسلمان کا اپنے برادر مسلمان سے تعصب و حسد نقص ایمان کی علامت ہے۔اس موقعہ پر مولوی توصیف احمد وانی امام جمعہ اونتی پورہ نے بھی سیرت رسولؐ اور مسلمانوں کے باہمی اتحادواخوت کی اہمیت و افادیت اور ناگزیریت کے حوالے سے اپنے بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب سعید میں جو دیگرمقتدر علمائے دین موجود تھے ان میں حجۃ الاسلام سید محمد حسین موسوی، حجۃ الاسلام سید یوسف الموسوی، حجۃ الاسلام  آغا سید محمد عقیل، حجۃ الاسلام آغا سید احمد الموسوی وغیرہ شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲


اپنی رائے بھیجیں

آپ کا ای میل شائع نہیں ہو گا۔ * والی خالی جگہوں کو مکمل کیجیے

*

پیام امام خامنه ای به مسلمانان جهان به مناسبت حج 2016
We are All Zakzaky
telegram