رہبر انقلاب کے نمائندے کی موجودگی میں

اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے مبلغین اربعین کے لئے نجف اشرف میں کانفرنس کا انعقاد+ تصاویر

اربعین حسینی کے ایام کی آمد پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے عراق میں شہر نجف اشرف میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے کے علاوہ اربعین کے مبلغین نے شرکت کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اربعین حسینی کے ایام کی آمد پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے عراق میں شہر نجف اشرف میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے کے علاوہ اربعین کے مبلغین نے شرکت کی۔
نجف اشرف میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے دفتر کے مدیر حجت الاسلام و المسلمین بھبہانی نے اس کانفرنس کے آغاز پر مبلغین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: اول وقت نماز کی ادائیگی اور پردے اور حجاب کی رعایت زائرین کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے جن کی طرف انہیں متوجہ کرنا ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ مبلغین کو چاہیے کہ اس دوران کی جانے والی تبلیغ میں عالمی استکبار اور آل سعود کے خطرناک عزائم سے زائرین کو آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا: مبلغین سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ مغربی ثقافتی یلغار کے خطرات کی وضاحت اور شبہات کے جوابات کو اپنے تبلیغی امور کا حصہ بنائیں۔ ان مقاصد تک پہنچنے کے لیے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے تیار کردہ بروشرز جو زائرین کے درمیان تقسیم کئے جائیں گے اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔
عراق میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اربعین حسینی کے موقع پر پیدل مارچ کے لئے زائرین کی طرف سے عظیم استقبال اس صدی کا ایک معجزہ ہے کہا: یہ پیدل مارچ محبت، الفت اور اتحاد کا باعث بنی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ حتیٰ غیر مسلمان جیسے عیسائی اور ایزدی بھی ان ایام میں پیدل مارچ کرنے والوں کی پذیرائی کے لئے موکب لگاتے ہیں۔
انہوں نے اس نشست میں امام حسین علیہ السلام کے قیام کی خصوصیات کو بیان کرتے ہوئے کہا: یہ ایسا قیام ہے جس کا آغاز ہے اختتام نہیں۔ اسی وجہ سے دشمن امام حسین علیہ السلام کے قیام سے خوف کھاتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ مسلمانوں میں اختلاف ڈال کر انہیں اس قیام کے مقاصد سے دور کریں۔
  اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اربعین کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین سید محمد رضا آل ایوب نے بھی نشست کے آخر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے عراق کے معاشرے کی ثقافتی ضرورتوں کے مطابق بروشرز تیار کئے ہیں جو ان ایام میں ان کے درمیان تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا: یہ بروشرز اہل بیت اطہار (ع) کی احادیث کی بنیاد پر بہت زحمتوں سے تیار کئے گئے ہیں لہذا مبلغین اور زائرین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کا بغور مطالعہ کریں نیز اس پلیٹ فارم سے دین کی تبلیغ کی راہ میں بہتری لانے کے لیے اسمبلی کو اپنے مفید مشوروں سے نوازیں۔
قابل ذکر ہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی ایام اربعین کی فرصت سے تبلیغ دین کے لئے بہترین فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ چند سالوں سے زائرین کے درمیان، تعلیمات اہل بیت(ع) پر مشتمل مختلف موضوعات کے تحت چند زبانوں میں بروشرز، اسلامک سافٹ ویئرز اور ڈیجیٹل کتابیں تقسیم کر رہی ہے۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲


متعلقہ مضامین

اپنی رائے بھیجیں

آپ کا ای میل شائع نہیں ہو گا۔ * والی خالی جگہوں کو مکمل کیجیے

*

haj 2018
We are All Zakzaky
telegram