ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی پر عالمی رد عمل

ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی پر عالمی رد عمل

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے جامع ایٹمی معاہدے سے امریکی صدر کی علیحدگی کے اقدام پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یورپی ممالک اس معاہدے کے پابند رہیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی نے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے تمام ممالک کے درمیان کئی سالہ مذاکرات کا نتیجہ ہے.

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے عالمی برادری اور اس معاہدے کے دوسرے فریقوں سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد اس کو جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے ایران سے ایٹمی معاہدے پر قائم رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کا نفاذ جاری رہے گا۔

برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، ناروے، آسٹریا اور بیلجیم نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے پر زور دیا۔

برطانوی وزیر اعظم، فرانسیسی صدر اور جرمن چانسلر نے منگل کی رات ایٹمی معاہدے سے ٹرمپ کی علیحدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کیا-

تینوں ممالک نے اس بیان میں کہا کہ جوہری معاہدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے مطابق منظور کیا گیا ہے لہذا یہ معاہدہ سیکورٹی کے لحاظ سے ہمارے لئے بہت ہی اہم ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی معاہدہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے معاملات کے لئے قانونی حل ہے اسی لئے ہم تمام فریقوں سے اس پر قائم رہنے اور مکمل عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اس بیان میں آیا ہے کہ آئی اے ای اے کی رپورٹ کے مطابق ایران اپنے تمام وعدوں اور این پی ٹی معاہدے پر قائم ہے اس لئے ہم اس معاہدے میں شامل رہیں گے۔

ان ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران سے امریکہ کے موقف کے سامنے صبرو تحمل سے کام لینے اور آئی اے ای اے کے ساتھ باہمی تعاون کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔

در ایں اثنا اٹلی کے وزیر اعظم پائولو جنٹیلونی نے امریکی صدر کے فیصلے کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے جوہری معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا۔ ادھر ناروے کی وزیر خارجہ اینے میری اریکسن سوریڈ نے بھی اپنے ٹوئٹ میں جوہری معاہدے سے نکلنے کے امریکی صدر کے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جوہری معاہدے کے دوسرے فریقوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے پر قائم رہیں۔

آسٹریا کے وزیر خارجہ کارین کنایسل نے بھی عالمی جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر امریکہ کے نکل جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جوہری معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ ایٹمی معاہدے کا نتیجہ مثبت نکلے گا۔

بیلجبیم کے وزیر اعظم چارلز میشل نے بھی جوہری معاہدے سے ٹرمپ کے نکلنے کے فیصلے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے سے نکلنے کا مطلب مشرق وسطی کو ناامن کرنا ہے۔

یورپی ممالک کے بیان کے مطابق آئی اے ای اے کو کسی رکاوٹ کے بغیر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہئے اور جب تک ایران اپنے وعدوں پر قائم ہے اس کے خلاف پابندیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے-

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے بھی ایٹمی معاہدے سے امریکی صدر ٹرمپ کے نکلنے کے اعلان کے بعد ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں عائد ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایک بڑا اور عظیم سفارتی کارنامہ ہے جو عالمی امن و سلامتی کی تقویت میں مدد دے رہا ہے-

روسی وزارت خارجہ نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اس معاہدے کی مکمل طور پر پابندی کی ہے اور اس حقیقت کی آئی اے ای اے نے بارہا تائید بھی کی ہے-

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی رات ایک بار پھر ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کی تکرار کرتے ہوئے اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا۔

ٹرمپ نے ایسے وقت میں جوہری معاہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا کہ جب آئی اے ای اے نے اپنی گیارہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا ہے- امریکی صدر کے اس اعلان کی صرف غاصب صیہونی حکومت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ہی حمایت کی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲


اپنی رائے بھیجیں

آپ کا ای میل شائع نہیں ہو گا۔ * والی خالی جگہوں کو مکمل کیجیے

*

پیام امام خامنه ای به مسلمانان جهان به مناسبت حج 2016
We are All Zakzaky
telegram