امام حسن مجتبی علیہ السلام کی نظر میں سیاست کا مفہوم اور ہمارا معاشرہ

امام حسن مجتبی علیہ السلام کی نظر میں سیاست کا مفہوم اور ہمارا معاشرہ

ایسا اخلاق جہاں ہم دورسروں کا درد رکھیں ، اور مظلموں کا ساتھ دینے کا جذبہ اپنے وجود کے اندر رکھیں اور دنیا بھر میں جہاں بھی مسلمانوں پر انسانیت پر ظلم ہو رہا ہے اسکے مقابل کھڑے ہوں کم سے کم آواز بلند کریں ، آواز اٹھائیں فلسطین کے مظلوموں کے لئے ، یمن کے محروموں کے لئے ، بحرین کے بے بس لوگوں کے لئے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امام حسن مجتبی علیہ السلام کی ذات ایک ایسی ذات ہے جو حسن خلق، اخلاق حسنہ، حلم و بربادباری اور جود سخا و کرم جیسے بلند ان اخلاقی کمالات کے لئے جانی جاتی ہے جن سے ہمارا آج ہمارا معاشرہ تہی ہے۔

معاشرہ میں روز بروز انسانی اقدار کا کمزور پڑنا ، قدروں کی پامالی ،انسان کے شرف کے معیار کا روز بروز گرنا ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم اس عظیم شخصیت کے دروازہ کرم پر چلیں جس کے علم و فضل کی روشنی میں ایک بہترین سماج کو تشکیل دیا جا سکتا ہے ۔

جسکی تدبیر و سیاست کی روشنی میں ،سیاست کے مفہوم کو سمجھتے ہوئے معاشرہ کی بہترین تدبیر کے ساتھ اسے اس انداز میں لیکر چلا جا سکتا ہے کہ جوہمیشہ مضبوط و پائدار رہے اور ترقی کی طرف مسلسل بڑھتا رہے اور زوال پذیر مادیت کے طوفان کا شکار نہ ہو ۔

جہاں آج سیاست کا مفہوم ج دوسروں کو بیوقوف بنا کر اپنا الو سیدھا کرنا ہے وہیں امام مجتبی علیہ السلام سیاست کو بندگان خدا اور خدا کے حقوق کی رعایت سے تعبیر فرماتے ہیں :

آپ فرماتے ہیں : سیاست یہ ہے کہ تمیں اللہ اور اس کے بندوں کی حقوق دکھائی دیں زندوں اور مردوں کے حقوو کی پرکھ رہے ، اللہ کا حق تم پر یہ ہے کہ جسکا اس نے تم سے مطالبہ کیا ہے وہ کر و اور ہر اس چیز سے بچو جس سے اس نے تمہیں روکا ہے ، اور زندوں کے حقوق یہ ہیں کہ تم اپنے بھائیوں کے مقابل اپنے وظیفہ و اپنی ذمہ داری پر عمل کرو ، ۔۔۔ لیکن مردوں کے حقوق یہ ہیں کہ تم انہیں نیکیوں کے ساتھ یاد کرو انکی برائیوں کا تذکرہ نہ کرو انکی برائیوں سے چشم پوشی کرو کہ خدا انکا حساب لینے والا ہے [۱]

شک نہیں کہ معاشرہ میں اگریہ سیاست نافذ ہو جائے اور ایک دوسرے کو گرانے کی ذلیل کرنے کی باتیں نہ ہوں ، اسکی اور اسکی پارٹی کے جھگڑوں میں آپسی رنجشوںکو بڑھاوا نہ ہو اور لوگ یہ دیکھیں کہ ہماری ذمہ داری کیا ہے اور ہر ایک اپنی ذمہ داری پر عمل کرے تو ایک چھا معاشرہ سامنے آ سکتا ہے ۔

امام حسن مجتبی علیہ السلام نے جو سیاست کا مفہوم بیان کیا ہے اس کے پیش نظر ہمیں ان سوالوں کے جواب دینا ہوں گے ، اپنا ایک محاسبہ کرنا ہوگا۔

کیا ہم نے اپنے ساتھ جینے والوں کے حقوق کو ادا کر دیا ہے یا نہیں بالکل مردوں کی طرح چھوڑ دیا ہے اور محض ہمیں اپنی کرسی کی فکر ہے وہ جیسے ہتھے آ جائے چاہے دین و پامال کر کے چاہے بندگان خدا کے حقوق کو پامال کر کے ؟

کیا ہم اپنے مرنے والوں کو نیکی سے یا د کرتے ہیں یا مرنے کے بعد بھی انکا چٹا بٹا کھولنے پر محض اس لئے تلے ہیں کہ ہمیں اقتدار حاصل ہو سکتا ہے ؟ یہ وہ چیزیں ہیں جن پر غور کرنے کی ضرورت ہے

اور خاص کر ماہ مبارک رمضان کی اس نورانی فضا میں تو ہمارے لئے اور بھی ضروری ہے کہ اپنے اخلاق و کراد کو اگر ہم امام مجتبی علیہ السلام جیسا نہیں بنا سکتے تو کم از کم ان سے قریب تو لا سکتے ہیں ، ایسا اخلاق تو پیش کر سکتے ہیں جس میں اخلاق حسنی کی پرچھائیاں ہوں

ایسا اخلاق جہاں خوف خدا ہو ، ایسا اخلاق جہاں دوسروں کا درد ہو ، ایسا اخلاق جہاں سچائی ہو ، صداقت ہو ، امانت ہو ،شرافت ہو ، ایسا اخلاق جس میں کم از کم ایک مہینہ ہم جھوٹ، فریب و بہتان سے خود کو دور رکھنے میں کامیباب ہوں

ایسا اخلاق جس میں ہمارے وجود کے اندر وسعت نظر پیدا ہو جائے اور ہم تنگ نظری کا شکار ہو کر معمولی معمولی باتوں میں ایک دوسرے سے الجھ نہ بیٹھے وہ حسنی اخلاق جس میں ہم اپنے سے بڑوں کی عزت کریں ، نرم و لطیف لب ولہجہ میں گفتگو کریں دوسروں کو نیچا دکھانے کی کوشش نہ کریں

ایسا اخلاق کسی میں کسی کے خلاف جھوٹی گواہی نہ دیں ، سچے بن کر رہیں اپنے امام علیہ السلام کی طرح جنہیں زمانہ صداقت و سچائی سے پہچانتا ہے

ایسا اخلاق جہاں ہم دوسروں کو معاف کرنا سیکھ جائیں ، کسی کی بات کو دل میں رکھ کر اسے کینہ نہ بننے دیں ، ایسا اخلاق جہاں ہم غریبوں کے لئے ویسے ہی تڑپیں جیسے امام حسن علیہ السلام تڑپتے تھے ، ایسا اخلاق کے اگر اس مہینہ میں کسی نے ہم سے کوئی سوال کیا ہے ہم سے اپنی کسی مشکل کا ذکر کیا ہے تو کوشش کریں کہ خاموشی کے ساتھ ویسے ہی حل کریں جیسے امام مجتبی علیہ السلام نے کی تھی ۔

اپنے مومن بھائیوں کی حاجت روائی ہمیں بوجھ نہ لگے بلکہ انکی مشکل کو حل کرتے ہوئے ہمیں خوشی ہو کہ خدا نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا ۔

ایسا اخلاق جہاں ہم دورسروں کا درد رکھیں ، اور مظلموں کا ساتھ دینے کا جذبہ اپنے وجود کے اندر رکھیں اور دنیا بھر میں جہاں بھی مسلمانوں پر انسانیت پر ظلم ہو رہا ہے اسکے مقابل کھڑے ہوں کم سے کم آواز بلند کریں ، آواز اٹھائیں فلسطین کے مظلوموں کے لئے ، یمن کے محروموں کے لئے ، بحرین کے بے بس لوگوں کے لئے جو امت مسلمہ کی بے حسی کی بنیاد پر شدید ترین پابندیوں قتل و وحشت و خوف کے سایہ میں ماہ مبارک رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں اور جب افطار کا وقت آتا ہے تو ان کے پاس حسرت کھانے کے سوا کچھ نہیں ہوتا ، انکی نگاہیں ہمیں ڈھونڈ رہی ہوتی ہیں کہ ہمارے وہ بھائی کہاں ہیں جو نعرہ تکبیر بلند کرتے ہیں اور جنکے ائمہ کی تعلیمات انسانیت کی نجات ہے ، ظلم کے خلاف آواز ہے ، مظلومون کا تعاون و انکا ساتھ ہے

آج امام مجتبی علیہ السلام کی سیرت انکی زندگی ہم سے مطالبہ کر رہی ہے کہ اپنی روش زندگی پر ایک نظر ثانی کریں اور اپنی زندگی کو انکی زندگی کے ساتھ ٹیلی کریں دیکھیں کہ انکی زندگی میں کیا تھا ہماری میں کیا ہے ؟ وہ کہاں کھڑے تھے ہم کہاں ہیں

وہ سچائی و صداقت کو کتنی اہمیت دیتے تھے ہم کتنی دیتے ہیں ؟ عبادت و بندگی کا معیار انکے یہاں کیا تھا ہمارے یہاں کیا ہے ؟ غریبوں او ر ناداروں کی مدد انہوں نے کتنی کی ہم نے کتنی کی ، انکا طریقہ کار کیا تھا ہمارا کیا ہے ، انکی نظر میں سیاست کیا تھی ہم سیاست کو کیا سمجتھے ہیں ؟

یقینا اگر امام مجتی علیہ السلام کے تعلیمات کی روشنی میں ہم اپنے معاشرے کے خدو خال سنوارنے کی کوشش کریں تو ایسا معاشرہ نکھر کر سامنے آ سکتا ہے جو مطلوب پروردگار ہے ۔

حوالہ

[۱] ۔ قال الحسن بن عليّ(ع): « هي[السياسة] أن ترعي حقوق الله و حقوق الأحياء و حقوق الأموات، فأما حقوق الله. فاداء ما طلب، و الإجتناب عما نهي، و اما حقوق الأحياء: فهي ان تقوم بواجبك نحو اخوانك، و لا تتأخر عن خدمة أمتك، و ان تخلص لولي الأمر ما أخلص لأمّة و أن ترفع عقيدتك في وجهه اذا ما حاد عن الطريق السوي و امّا حقوق الأموات، فهي أن تذكر خيراتهم و تتغاضي عن ساوئهم، فانّ لهم ربّاً يُحاسبهم»

تنبيه الخواطر و نزهة النواظر(مجموعه ورّام)ج ۲ص ۳۰۱؛ القرشي(ره)، باقر شريف، حياة الإمام الحسن بن علي(ع) ج۱ ص ۳۴۰٫

ماخذ: خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ختم شد/ت/ت/۳۰۳/ ۱۰۰۰۲


اپنی رائے بھیجیں

آپ کا ای میل شائع نہیں ہو گا۔ * والی خالی جگہوں کو مکمل کیجیے

*

haj 2018
We are All Zakzaky
telegram